جوہانسبرگ : 35 سالہ اسٹار ریپر کی ہلاکت پر جنوبی افریقہ میں شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ آکا نے اس سال کے آغاز پر ’پراڈا‘ کے نام سے اپنی ایک البم بھی جاری کی تھی۔ جنوبی افریقہ کے ریپ اسٹار آکا کو جمعہ کے روز ساحلی شہر ڈربن میں ایک مشہور نائٹ کلب کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس 35 سالہ ریپیر کا اصل نام کیرنن فوربس تھا تاہم وہ آکا کے نام سے مشہور تھے۔ پولیس کے مطابق انہیں جمعہ دس فروری کی رات اس وقت گولی مار دی گئی جب وہ ایک شخص کے ہمراہ ایک ریستوراں سے نکلنے کے بعد اپنی کار کی طرف بڑھ رہے تھے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا، مبینہ طور پر دو مسلح مشتبہ افراد سڑک کے پار سے ان کے پاس آئے تھے اور پھر ان مشتبہ افراد نے آکا اور ان کے ساتھی کو قریب سے گولی مار دی۔ آکا کے والدین ٹونی اور لِن فوربس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں لکھا، ہمارے بیٹے کو (اس کی زندگی میں) پیار کیا گیا تھا، اور اس نے بدلے میں پیار ہی دیا تھا۔ پولیس نے ابھی تک فائرنگ کے محرکات کا تعین نہیں کیا تاہم اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔