جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی یقینی: ناگیشور راؤ

   

بوتھ سطح کے قائدین کے ساتھ ریاستی وزیر کا اجلاس، فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پارٹی نے تین ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، جی ویویک وینکٹ سوامی اور ٹی ناگیشور راؤ کو بطور انچارج مقرر کیا ہے۔ وزیر زراعت ناگیشور راؤ نے جوبلی ہلز میں بوتھ سطح کی پارٹی کمیٹیوں کے ارکان سے آج ملاقات کی اور ضمنی چناؤ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی کی کامیاب کے لئے متحدہ طورپر کام کریں ۔ سرکاری اسکیمات اور خاص طور پر فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ اسکیمات سے استفادہ کیلئے غریب اور مستحق خاندانوں کی رہنمائی کی جائے۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے اور ضمنی چناؤ میں پارٹی امیدوار کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے بلدی ڈیویژن کی سطح پر موجود کمیٹیوں کو متحرک ہونے کا مشورہ دیا ۔ اجلاس میں تلنگانہ سیڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین انویش ریڈی اسٹیٹ کوآپریٹیو آئیل سیڈس گروورس فیڈریشن کے صدرنشین جے رمیش ریڈی ، اسٹیٹ گرندھالیہ کے صدرنشین پروفیسر ریاض احمد، اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین عبیداللہ کوتوال اور دوسروں نے شرکت کی۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ پر تلنگانہ عوام کی نظریں ہیں اور قائدین اور کارکنوں کو پارٹی کی کامیابی کیلئے ابھی سے متحرک ہونا چاہئے ۔ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں اور اسکیمات کے فوائد سے رائے دہندوں کو واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام طبقات بشمول اقلیتوں کی ترقی کیلئے کئی ا سکیمات شروع کی ہیں۔ ناگیشور راؤ نے مقامی عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کارپوریشنوں کے صدورنشین کو متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔ ہر ریاستی وزیر کے تحت مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کو بطور معاون مقرر کیا گیا ہے۔1