ملبورن : سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیم، موجودہ دنیا کی دوسری بہترین کھلاڑی سیمونا ہالیپ اور سابق چمپئن جاپان کی ناومی اوساکا ایک ہی گروپ میں شامل ہوگئے ہیں۔ سرینا ولیمس جو کہ اپنا 24 واں گرانڈ سلام حاصل کرنے کی خواہاں ہیں انہیں رواں سیزن کے پہلے گرانڈ سلام میں اپنی کٹر حریف اوساکا سے مقابلہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ علاوہ ازیں انہیں پہلے ہی مرحلہ میں جرمنی کی لورا کا سامنا رہے گا اور یہ مقابلہ عوامی توجہ کا مرکز ہے۔ یو ایس اوپن چمپئن اوساکا کو بھی پہلے ہی مرحلہ میں روسی ٹینس اسٹار انستسیا کا سامنا رہے گا۔ دفاعی چمپئن صوفیہ کینن دوسرے گروپ میں شامل ہیں جہاں ان کا سامنا عالمی نمبر ایک ایش بارٹی سے ہوگا۔ مرد زمرہ کے ڈرا میں متواتر تیسرا آسٹریلین اوپن خطاب کا تعاقب کرنے والے نواک جوکووچ کیلئے خطاب کی راہ آسان نہیں کیونکہ انہیں پہلے ہی مرحلہ میں جے روم چارڈی کا سامنا رہے گا جس کے بعد واورنکا، راونک اور الیزینڈر ژوریف سے متوقع کوارٹر فائنل کھیلنا پڑے گا۔