پارٹی سے مستعفی ہونے یا فیصلہ کو مارچ کے اواخر تک ملتوی کرنے پر غور کیا جائے گا
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے 25 فروری کو سنگاریڈی کے ایک فنکشن ہال میں اپنے حامیوں کا ایک اجلاس طلب کیا ہے جس میں وہ اپنے مستقبل کی حکمت عملی کا فیصلہ کریں گے ۔ ابتدا سے ریونت ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کرنے کی مخالفت کرنے والے جگا ریڈی نے بعد میں پارٹی ہائی کمان کے فیصلے کو قبول کیا تھا ان کی ناراضگی کو دور کرنے کے لیے پارٹی ہائی کمان نے جگا ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ نامزد کیا تھا تاہم دونوں کے درمیان سرد جنگ جاری ہے ۔ کبھی میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں جگا ریڈی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تو کبھی کھلے عام اس کی مخالفت کی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کبھی کھلے عام اس کا جواب نہیں دیا اور نہ ہی کوئی وضاحت کی ہے ۔ لیکن جگا ریڈی کا الزام ہے کہ ان کی امیج کو سوشیل میڈیا میں داغدار بنایا جارہا ہے ۔ جس کی انہوں نے کھلی مخالفت کی اور کانگریس سے مستعفی ہوجانے کا من بنالیا تھا ۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کسی بھی وقت پارٹی سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے واقف کرایا تھا تاہم پارٹی کے سینئیر قائدین کے سمجھانے پر انہوں نے اپنے فیصلے کو 15 دن کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا لیکن 25 فروری کو دوبارہ اجلاس طلب کیا ہے ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وہ کانگریس سے مستعفی ہو کر نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے پر غور کررہے ہیں ۔ ساتھ میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اترپردیش کے بشمول پانچ ریاستوں کے انتخابات کے پیش نظر انہیں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کرنے کا وقت نہیں مل رہا ہے ۔ لہذا وہ مارچ کے اواخر تک انتظار کرنے پر غور کررہے ہیں ۔۔ ن