حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی جمعرات کو حیدرآباد پہونچکر بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی مزاج پرسی کریں گے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش ایک روزہ دورے پر حیدرآباد پہونچ رہے ہیں اس دوران وہ نندی نگر بنجارہ ہلز میں واقع کے سی آر کی قیام پہونچکر ان سے ملاقات کریں گے ۔ واضح رہے کہ اپنے فارم ہاوز میں پھسل کر گرنے کے بعد کے سی آر کی کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی ۔ جس کی کامیاب سرجری کے بعد وہ اپنی قیام گاہ پر آرام کررہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس ملاقات میں تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات اور آندھرا پردیش میں منعقد ہونے والے اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے بارے میں تبادلہ خیال بھی ہوسکتا ہے کیوں کہ بی آر ایس پارٹی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں آندھرا پردیش کے بشمول دوسری ریاستوں میں مقابلہ کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ تلنگانہ میں مخالف حکومت لہر چلنے سے بی آر ایس کو شکست ہوئی ہے ۔ آندھرا پردیش میں مخالف حکومت لہر سے نمٹنے کے معاملے میں کے سی آر سے جگن موہن ریڈی رائے مشورہ کرسکتے ہیں ۔۔ 2