جیمس اسٹریٹ کلاک ٹاور کا تحفظ اور تزئین نو

   

حیدرآباد ۔ 28 مئی (سیاست نیوز) جیمز اسٹریٹ (رام گوپال پیٹ) پولیس اسٹیشن کے اوپر کلاک ٹاور کے تحفظ کا کام دکن ٹیرین ہیریٹیج نے شروع کیا ہے جس میں ساختی مرمت، ایل ای ڈی لائٹنگ کی تنصیب اور دیگر کام شامل ہیں۔ دکن ٹیرین ہیریٹیج، ایک کمپنی ہے جو شہر میں ثقافتی مقامات کی بحالی میں مہارت رکھتی ہے اور حیدرآباد کے پرانے شہر میں دیگر ثقافتی مقامات پر بھی کام کر رہی ہے۔ جیمس اسٹریٹ کلاک ٹاور کی تیاری اور ڈیزائن میں اُس وقت کی اینٹوں اور چونے کا استعمال کیا گیا تھا جس کی وجہ سے خوبصورت ڈیزائن اور باہری دیواروں کی خوبصورتی عام عمارتوں سے مختلف اور دیدہ زیب ہوا کرتی تھی۔ کلاک ٹاور کے تحفظ اور تزئین نو کے لئے بیرونی اشیاء جیسے سمنٹ اور سینتھٹک پینٹس کی کئی پرتوں کو بہت ہی احتیاط سے نکالا گیا اور قدیم چونے کے پلاسٹر کی ٹیکنیک کے ذریعہ دوبارہ اُس کام کو انجام دیا گیا۔ اندرونی چونے کا پلاسٹر اور لکڑکی کو فٹ کرنے کا کام بھی کیا گیا جبکہ باہری حصہ کی تزئین نو کا کام جلد ہی شروع کیا جائے گا۔ کلاک ٹاور کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں اصلی اینٹ اور چونے کا تحفظ کیا گیا جس کے لئے متعینہ وقت سے بہت زیادہ وقت درکار ہوا۔ پروموٹر میر خان نے بتایا کہ وقت لگنے کے باوجود اس کے نتائج انتہائی اطمینان بخش ہیں۔ یہ بحالی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) کے حیدرآباد اور سکندرآباد میں ثقافتی ورثہ کے ڈھانچے کو محفوظ کرنے کے بڑے اقدام کا حصہ ہے۔ کلاک ٹاور، جو پہلے جیمز اسٹریٹ کلاک ٹاور کے نام سے جانا جاتا تھا اب رام گوپال پیٹ کلاک ٹاور کے نام سے پہچانا جاتا ہے، جس کا نام اُس کے بلڈر سیٹھ رام گوپال کے نام پر رکھا گیا ہے۔