جناب عامر علی خان ایم ایل سی کا جناب علی مسقطی کے ساتھ دورہ ‘ حکومت سے موثر نمائندگی کا تیقن
کیرامیری ۔ 14/ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان نے آج فساد سے متاثرہ علاقہ جینور منڈل کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے مستقرکی جامع مسجد و مدرسہ عربیہ کاشف العلوم جس کو فسادیوں کی جانب سے نقصان کیا گیاتھاکابھی معائنہ کیا۔بعد ا زاں انہوں نے مستقر جینورکے مسلم متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے حالات سے واقفیت حاصل کیں اور 10 متاثرین میں فی کس 50 ہزارروپے ہمراہ علی بن ابراہیم مسقطی مالی امداد فراہم کی اوردیگر متاثر ہ افراد کوبہت جلد ( 18جنوری کو ) ان کے نمائندے کو جینور روانہ کرکے مالی امداد فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر مقامی متاثرین نے رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک انہیں کسی قسم کی کوئی مالی امداد فراہم نہیں کی گئی اور متاثرین کی جانب سے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا کہ چیف منسٹر نے جینور کے متاثرہ مسلمانوں سے ملاقات نہ کرکے قبائلی طبقہ سے دو مرتبہ ملاقات کی اور ان کے کئی مطالبات کو جلد پورا کرنے کا تیقن دیا ہے جس پر جینور کے مسلم متاثرین میں تشویش پائی جارہی ہے جبکہ چارماہ کاعرصہ بیت چکا۔ مقامی مسلمانوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ افراد کو حکومت سے ابھی تک مالی امداد بھی فراہم نہ ہونے سے کئی لوگ اپنے کاروبارکی بحالی کیلئے پریشان ہیں۔ جناب عامر علی خان نے جینور کے مسلمانوں کو تیقن دیاکہ وہ بہت جلد حکومت سے نمائندگی کرکے جینور کے مسلمانوں کو مکمل انصاف دلانے اقدامات کریں گے اور چیف منسٹر سے جینور کے مسلم متاثرین کی ملاقات کا بھی تیقن دیا ۔ جناب عامر خان کے اس دورہ سے متاثرہ لوگوں میں خوشی کی لہر دیکھی گئی اوربعض متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ جناب عامر علی خان ایم ایل سی نے ایک لمبا سفر طئے کرکے متاثرین سے ملاقات کی اور ان کی ہمت افزائی کی ۔ ان کے ساتھ یونس اکبانی ، مسعود ، ابو طالب۔فیض الدین ،ممتاز بیابانی ، عبدالقدیر ، مبین ،عبدالقوی ، سید عمران اور دیگر موجود تھے ۔