حیدرآباد۔18فروری(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے جنرل باڈی اجلاس میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے تیار کردہ بجٹ مسودہ پیش کرتے ہوئے اس کی منظوری 19 فروری کو حاصل کی جائے گی۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جو بجٹ کا مسودہ تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق بجٹ 2024-25کے لئے مجلس بلدیہ نے 7937 کروڑ کی تخصیص کا فیصلہ کیا ہے جو کہ سال گذشتہ یعنی 2023-24کے بجٹ سے 1713 کروڑ اضافی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے بجٹ مسودہ کو جنرل باڈی اجلاس میں پیش کرنے سے قبل مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں پیش کرتے ہوئے منظوری حاصل کرنی ہوتی ہے لیکن فی الحال جی ایچ ایم سی میں اسٹینڈنگ کمیٹی موجود نہیں ہے اسی لئے ترقیاتی کاموں کو جاری رکھنے کے مقصد سے اس بات کا فیصلہ کیاگیا ہے کہ بجٹ کو راست جنرل باڈی اجلاس میں پیش کرتے ہوئے منظوری حاصل کی جائے۔ جی ایچ ایم سی بجٹ میں عہدیداروں نے شہر حیدرآباد کے حدود میں ڈبل بیڈ روم اسکیم کے تحت تعمیرکردہ امکنہ جات کے لئے علحدہ 500کروڑ کی تخصیص کی گنجائش فراہم کی ہے اس کے علاوہ مجلس بلدیہ کی جانب سے تیار کئے گئے بجٹ مسودہ میں 600کروڑ روپئے ایس این ڈی پی ‘ نالوں کی توسیع کے علاوہ دیگر منصوبوں پر عمل آوری کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عہدیدارو ںکے مطابق 19فروری کو منعقد ہونے والے جی ایچ ایم سی کے جنرل باڈی اجلاس میں مجلس بلدیہ کا بجٹ 2024-25 منظور کرلیا جائے گا۔3