جے پور : ہاسپٹل کے ٹراما سنٹر میں آتشزدگی ، 7 مریض فوت

   

جے پور۔ 6 اکتوبر ۔ (یو این آئی)راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے سوائی مان سنگھ (ایم ایس ایس) اسپتال کے ٹراما سینٹر کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں اتوار کی رات دیر گئے آگ لگنے سے سات مریضوں کی موت ہو گئی اور تین سے چار زخمی ہو گئے ۔اسپتال ذرائع کے مطابق نیورو آئی سی یو وارڈ کے سٹور میں شارٹ سرکٹ کے باعث رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب آگ لگی۔ اس سے آئی سی یو میں دھواں پھیل گیا اور اس دوران دھویں وغیرہ سے دم گھٹنے سے سات مریض دم توڑ گئے ۔وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما صبح تقریباً 2:30 بجے اسپتال پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا اور واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے اسپتال میں انتظامیہ وشعبہ طب اور اسپتال کے حکام سے معلومات لیں اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی حفاظت، علاج اور دیکھ بھال کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے ۔ ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔شرما نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی کا اعلان کیا ہے ۔ میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے کمشنر اقبال خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کرے گی اور ریاستی حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔اس واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ نے پیر کو اپنا دہلی کا دورہ بھی ملتوی کر دیا اور وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
چیف جسٹس کو نشانہ بنانا