سی ای او حج کمیٹی آف انڈیا سے صدرنشین حج کمیٹی الحاج محمد سلیم کی فون پر بات چیت
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے تلنگانہ میں عازمین حج سے درخواستوں کی طلبی اور دیگر انتظامات کے مسئلہ پر صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا یعقوب شیخ سے فون پر بات چیت کی۔ محمد سلیم نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتہ ممبئی پہنچ کر درخواستوں کی طلبی اور دیگر اُمور پر بات چیت کریں گے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کی طلبی کا شیڈول تقریباً تیار کرلیا ہے اور ڈسمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں مرکزی وزیر اقلیتی اُمور سمرتی ایرانی سے ملاقات کا وقت لے کر درخواست فارم جاری کئے جائیں گے۔ یعقوب شیخ نے بتایا کہ عنقریب ملک کی تمام ریاستی حج کمیٹیوں کے صدورنشین کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں حج 2022 کے تجربات کی بنیاد پر 2023 کے منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی عازمین حج کے انتظامات میں ملک میں ہمیشہ سرفہرست رہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عازمین حج کی خدمت کیلئے نہ صرف فنڈز جاری کئے بلکہ شخصی طور پر عہدیداروں کے ذریعہ معلومات حاصل کرتے رہے ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج 2023 میں تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات ہمیشہ کی طرح مثالی رہیں گے۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے آندھرا پردیش کے تمام عازمین حج کے لئے بھی موثر سہولتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حج کیمپ کے علاوہ ایر پورٹ پر حکومت اور حج کمیٹی کی جانب سے غیر معمولی انتظامات کی حجاج کرام نے واپسی پر ستائش کی اور چیف منسٹر کے حق میں دعائیں دیں۔ر