عازمین کو فلائٹ کے انتخاب کا اختیار، تاریخ میں توسیع نہ کرنے حج کمیٹی آف انڈیا کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) حج 2025 ء کے منتخب عازمین حج کیلئے حج مصارف کی تیسری اور آخری قسط کی ادائیگی کے لئے 3 اپریل آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے واضح کیا ہے کہ 3 اپریل کے بعد عازمین حج کی ادائیگی قابل قبول نہیں ہوگی اور اُنھیں خوش نصیب عازمین کی فہرست میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عازمین جنھوں نے ابتدائی دو قسطیں ادا کردی ہیں اور ایسے عازمین جنھوں نے اب تک ایک بھی قسط ادا نہیں کی، اُنھیں 3 اپریل تک مہلت دی گئی ہے۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین کیلئے تیسری قسط کے طور پر 58 ہزار روپئے ادا کرنے ہونگے جبکہ کمسن عازمین کو 20,650 روپئے ادا کرنا ہوا۔ قربانی کی ادائیگی کیلئے 16,600 روپئے مقرر کئے گئے ہیں۔ قربانی کی رقم کے بشمول تلنگانہ حج کمیٹی سے جانے والے عازمین کو جملہ فی کس 346900 روپئے کے مصارف ہوں گے۔ پہلی اور دوسری قسط کے طور پر 272300 روپئے ادا کئے جاچکے ہیں۔ قربانی کے مصارف کے بغیر فی عازم جملہ مصارف 330300 روپئے ہوں گے۔ حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ 3 اپریل کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا ویزا، ٹکٹ اور فلائٹ الاٹمنٹ کی کارروائی شروع کریگا۔ حج کمیٹی نے جاریہ سال عازمین کو فلائٹ کے انتخاب کی سہولت دی ہے تاکہ وہ اپنی پسند کی فلائٹ میں سفر کرسکیں۔ عازمین حج تیسری قسط کی ادائیگی کیلئے اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، کوٹھی مین برانچ پر کاؤنٹر نمبر 28 ، 29 اور 30 سے رجوع ہوکر نقد رقم ادا کرسکتے ہیں۔ عازمین کو آدھار اور پیان کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا۔ منتخب عازمین جنھوں نے ایک بھی قسط ادا نہیں کی ہے وہ کنفرم اسٹیٹس کی صورت میں 3 قسطوں کی رقم ایک وقت میں ادا کرسکتے ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش اور ٹرانسپورٹ کے علاوہ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کے انتظامات کو 3 اپریل کے بعد قطعیت دی جائے گی۔ ایسے عازمین جن کا ویٹنگ لسٹ میں انتخاب ہوچکا ہے لیکن وہ سفر حج کے لئے تیار نہیں ہیں، اُنھیں چاہئے کہ ریاستی حج کمیٹی کو اِس سلسلہ میں مکتوب حوالے کریں تاکہ دیگر ریاستوں کے ویٹنگ لسٹ میں شامل عازمین کو موقع مل سکے۔1