وزیر اعظم مودی کے دورہ سے قبل ممبئی میں دو افراد گرفتار

   

دفتر وزیر اعظم کا فرضی شناختی کارڈاور بندوق برآمد
ممبئی 8 ستمبر ( ایجنسیز ) مہاراشٹرا کے ممبئی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام سے ایک دن قبل سکیوریٹی کا سنگین مسئلہ پیدا ہوا جب دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن میں ایک کے پاس بندوق ائی گئی جبکہ دوسرے کے پاس دفتر وزیر اعظم کا فرضی شناحتی کارڈ بھی موجود تھا ۔ دونوںافراد کو ممبئی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ان دونوں کو پیر کی رات دیر گئے ایک سکیوریٹی پروٹوکول ڈرل کے دوران گرفتار کیا گیا ہے ۔ واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ممبئی پولیس نے کہا کہ ایک گرفتار شدہ شخص کے پاس سے ایک بندوق بھی برآمد ہوا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ ایک شخص نیتا امبانی کلچرل سنٹر باندرہ کرلا کامپلکس کے قریب مشتبہ حالت میں گھومتا ہوا پایا گیا تھا ۔ پولیس نے اس شخص کو اس کے باڈی گارڈ کے ساتھ حراست میں لے لیا ۔ باڈی گارڈ کے پاس ایک بندوق دستیاب ہوا ۔ پولیس نے کہا کہ گرفتار شدہ شخص کی 24 سالہ روہن پاریکھ کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے اور وہ خود کو دفتر وزیر اعظم کا اہلکار قرار دے رہا تھا ۔ تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ اس کے پاس دفتر وزیر اعظم کا شناختی کارڈ فرضی تھا ۔ پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تین افراد نے ایک مشتبہ سرکاری شناختی کارڈ کا استعمال کیا اور اسلحہ کے ساتھ جیو ورلڈ پلازا میںداخل ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے ۔ ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے ۔ پتہ چلا ہے کہ یہ بندوق لائسنس یافتہ تھا اور دو افراد کواس سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ پولیس کا تاہم کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک دن قبل پیش آیا تھا اور اس کا وزیر اعظم کے دورہ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ وزیر اعظم کی آمد سے قبل ان افراد کی گرفتاری کے نتیجہ میں سکیوریٹی الرٹ کردیا گیا ہے ۔ ممبئی پولیس کی جانب سے فی الحال دو افراد سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے تاکہ اس مقام پر داخل ہونے ان کے عزائم کا پتہ چلایا جاسکے اور بندوق اور فرضی شناختی کارڈز کے تعلق سے تحقیقات کروائی جائیں۔ ممبئی کرائم برانچ نے واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تحقیقات کا ذمہ سنبھال لیا ہے ۔