حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن نے کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند سے حسین ساگر میں 26 جنوری کو کشتی میں آتشزدگی واقعہ پر رپورٹ طلب کی ہے۔ صدرنشین کمیشن جی نرنجن نے کمشنر پولیس کو مکتوب روانہ کیا جس میں میڈیا میں شائع شدہ خبروں کا حوالہ دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 جنوری کو حسین ساگر میں آتشبازی کے نتیجہ میں دو کشتیوں میں آگ لگ گئی اور دو افراد کی موت واقع ہوئی۔ مہلوکین میں آتشبازی کرنے والے گنپتی اور بی ٹیک طالب علم ایس اجئے شامل ہیں۔ کئی دیگر افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ کمیشن نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ احتیاطی تدابیر کیوں اختیار نہیں کی گئیں اور لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ کمیشن نے دریافت کیا کہ کشتیوں میں غیر متعلقہ افراد کس طرح سوار ہوئے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ اگر پولیس نے آتشبازی کی اجازت دی تھی تو پھر ناگہانی واقعہ کو روکنے کیلئے کیا اقدامات کئے گئے۔ 1