خان یونس ( غزہ ) : حماس غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے کے معاہدے پر قائم ہے۔اس تناظر میں 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس حکام کے حوالے کی جاتی ہیں۔یہ تبادلہ جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں ہو رہا ہے۔اس تبادلے سے قبل حماس کا کہنا تھا کہ ان افراد کو اسرائیلی طیاروں نے نشانہ بنایا تھا اور وہ اس گھر کو نشانہ بنائے جانے سے پہلے زندہ تھے جس میں وہ موجود تھے۔ہفتے کے روز یرغمالیوں کے تبادلے کے ساتویں دور کے حصے کے طور پر مزید 6 اسرائیلیوں کو رہا کیا جائے گا۔تین مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی معاہدے کے مطابق 42 روز کے پہلے مرحلے میں 1900 سے زائد فلسطینی قیدیوں اور 33 اسرائیلی قیدیوں کی رہائی متوقع ہے۔حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ اتوار 19 جنوری سے نافذ العمل ہے۔19جنوری سے اب تک اسرائیل کی جانب سے 1135 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے جبکہ غزہ کی پٹی سے 19 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔