حیدرآباد مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کے الیکشن کیلئے اعلامیہ جاری‘ 4 اپریل تک پرچہ نامزدگی کا ادخال، کانگریس کی حلیف مجلس کو نشست الاٹ کرنے کا امکان

   

حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں حیدرآباد مجالس مقامی زمرہ کی ایک نشست کیلئے انتخابات کا اعلامیہ آج جاری کردیا گیا جس کے ساتھ ہی پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے۔ حیدرآباد مجالس مقامی نشست کے رکن ایم ایس پربھاکر راؤ کی میعاد یکم مئی کو ختم ہورہی ہے لہذا الیکشن کمیشن نے انتخابات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ پرچہ جات نامزدگی 4 اپریل تک داخل کئے جاسکتے ہیں جبکہ 7 اپریل کو اُن کی جانچ ہوگی۔ 9 اپریل تک پرچہ جات واپس لینے کی گنجائش رہے گی۔ ضرورت پر رائے دہی 23 اپریل کو صبح 8 تا سہ پہر 4 بجے ہوگی اور 25 اپریل کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ سابق میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کارپوریٹرس اور بہ اعتبار عہدہ ارکان کو رائے دہی کا حق رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے مجالس مقامی کی کونسل نشست اپنی حلیف مجلس کو الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم ایل اے کوٹہ کے تحت اُن کے رکن ریاض الحسن آفندی کی سبکدوشی کے بعد مجلس کو نشست الاٹ نہیں کی گئی تھی اور معاہدہ کے مطابق حیدرآباد مجالس مقامی کی نشست الاٹ کی جائے گی۔ اِس نشست کے تحت ووٹرس کی جملہ تعداد 115 بتائی جاتی ہے جس میں مجلس 42، بی آر ایس 14، بی جے پی 19 اور کانگریس کے 5 ارکان شامل ہیں۔ بہ اعتبار عہدہ ارکان میں ارکان پارلیمنٹ، اسمبلی و کونسل کے تحت جملہ 23 ووٹر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے کونسل کی یہ نشست مجلس کو الاٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔1