قونصلیٹ کے قریب تحدیدات، عوامی ردعمل کے پیش نظر پولیس کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 10 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں واقع ترکیہ قونصلیٹ پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ بھارت پاکستان جنگ میں دشمنی ملک کی جانب سے استعمال کئے گئے ڈرونس کو ترکیہ نے فراہم کیا۔ اس بات کا انکشاف کرنل صوفیہ قریشی نے اپنے بیان میں کیا تھا۔ بھارتی فوج نے پاکستان کے 400 سے زائد ڈرونس کو کامیابی کے ساتھ مار گرایا جو ترکیہ نے فراہم کئے تھے۔ اس بات سے بھارتی شہریوں میں ترکیہ کے تعلق سے شدید برہمی پائی جاتی ہے۔ عوامی غصہ کے پیش نظر احتجاج کا اندیشہ پایا جاتا ہے۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے آپریشن ابھیاس کے بعد شہر میں سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ ایک طرف آتش بازی اور ڈرون سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اب تازہ اقدامات کے تحت جوبلی ہلز میں واقع ترکیہ کے قونصلیٹ پر پولیس کے زائد دستوں کو تعینات کردیا گیا۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے ترکیہ قونصلیٹ قریب سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے اور حفاظتی انتظامات کے تحت ترکیہ قونصلیٹ کے قریب تحدیدات عائد کردی گئیں۔ ترکیہ میں زلزلہ کے وقت بھارت کی مدد اور تعاون کو فراموش کے سوشل میڈیا پر ترکیہ کے خلاف الزامات لگائے جارہے ہیں۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے سٹی پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ع