حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ ( سیاست نیوز ) وزیر آئی ٹی و انڈسٹریز ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت کا منصوبہ حیدرآباد میں ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم شروع کرنے کا ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل حل ہوں ۔ کل اسمبلی میں ایک مباحثہ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ گاڑیوں کی تعداد میں ہورہے اضافہ سے ٹریفک مسئلہ کو حل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جلد ہی ایک آٹومیٹک ٹریفک سگنلنگ سسٹم پر عمل درآمد کیا جائیگا ۔ اور اس کے ساتھ ٹریفک میں آسانی کیلئے ایک جامع پلان ہوگا ۔ سریدھر بابو نے کہا کہ انٹگریٹیڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے حصہ کے طور پر ’’ فری لیفٹ ‘‘ ٹرنس کو مزید موثر انداز میں بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹریفک مینجمنٹ میں معاونت کیلئے ہوم گارڈس اور دیگر کے تقررات کئے ہیں ۔ سریدھر بابو نے کہا کہ شہر میں ٹریفک مومنٹ دیگر کئی بڑے ہندوستانی شہروں کے مقابل بہتر ہے ۔ کولکتہ میں یہ 16 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے ، دہلی میں 17.37 کلو میٹر فی گھنٹہ ، ممبئی میں 18.07 کلو میٹر فی گھنٹہ ، بنگلورو میں 18.47 کلو میٹر فی گھنٹہ اور چنائی میں 20 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ حیدرآباد 23.40کلو میٹر فی گھنٹہ ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فینانیشل جرائم سے نمٹنے کیلئے سائبر آباد میں ایک خصوصی پولیس اسٹیشن قائم کیا جائیگا ۔ سریدھر بابو نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں تین پولیس کمشنریٹس میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کو انٹگریٹ کیا جائیگا ۔