حیدرآباد کی تاریخی عمارت ’ چارمینار ‘ کے وجود کو خطرہ

   

محکمہ آثار قدیمہ سے تزئین نو و آہک پاشی کے باوجود عمارت کا حصہ جھڑنے لگا

حیدرآباد۔23۔ستمبر۔(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی تاریخی عمارت و شناخت تصور کئے جانے والے ’’چارمینار‘‘ کے وجود کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے!محکمہ آثار قدیمہ جو کہ برسوں سے تاریخی چارمینار کی آہک پاشی و مرمت میں مصروف ہے اس کے باوجود بھی معمولی بارش کے نتیجہ میں ’چارمینار‘ کے وہ کمزور حصہ جو تیز ہوایا بارش سے متاثر ہورہے ہیں وہ جھڑنے لگے ہیں۔ گذشتہ شام ہوئی بارش کے دوران لاڈ بازار کی جانب واقع مینار کا ایک حصہ گرنے کے سبب علاقہ میں خوف وہراس پیدا ہوگیا جبکہ شہر میں آثار قدیمہ کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرنے والوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی کیونکہ سابق میں بھی چارمینار کے مینار کے حصوں کے گرنے کے بعد محکمہ آثار قدیمہ نے چارمینار کے تحفظ اور اس کی مرمت کے متعدد اقدامات کئے تھے اس کے باوجود چارمینار کے حصوں کے گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تاریخی عمارت کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس علاقہ کو شور و غل کے علاوہ ارتعاش سے پاک بنانے کے اقدامات کے طور پر ’چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ‘ کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس پراجکٹ کی عدم تکمیل اور علاقہ میں شور و غل میں اضافہ کے نتیجہ میں بھی عمارت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ گذشتہ یوم گرنے والے مینار کے حصہ کے متعلق ماہرین نے بتایا کہ چارمینار کی آہک پاشی اور مرمت کے کاموں کو یکساں طور پر مکمل کرنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے جبکہ محکمہ آثار قدیمہ اپنے پاس موجود محدود بجٹ کے ذریعہ مرحلہ وار انداز میں چارمینار کی مرمت کے کام انجام دے رہا ہے۔ذرائع کے مطابق آغا خان کلچر ٹرسٹ سے دکن پارک اور سات گنبد کے مرمتی و آہک پاشی کے کاموں کی تکمیل کے بعد ’چارمینار ‘ کی تزئین نو کے منصوبہ کو پیش کرتے ہوئے منظوری حاصل کرنے کے متعلق غور کر رہا ہے ۔ محکمہ آثار قدیمہ اگر فوری طور پر ’چارمینار‘ کی تزئین نو و مرمت کے کاموں کو یقینی بناتے ہوئے اس کے تحفظ کے اقدامات کرتا ہے تو ایسی صورت میں اس تاریخی شناخت کو مزید کمزور ہونے یا نقصان پہنچنے سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ قطب شاہی دور 1591 میں تعمیر کی گئی اس عمارت کے تحفظ کے لئے منتخبہ عوامی نمائندوں اور آثار قدیمہ کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو بھی فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے مکمل عمارت کی یکساں آہک پاشی ‘ تزئین و مرمت کے کاموں کو انجام دینے کے لئے زور دینے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔3