بڑے لوگوں کے بجائے غریبوں کو نشانہ بنانے پر اعتراض
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے پھر ایک مرتبہ حیڈرا پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے ریمارک کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی پر صرف غریبوں کے مکانات کے بجائے دولتمندوں کے مکانات کو بھی منہدم کیا جانا چاہیئے۔ عدالت نے کہا کہ بڑے لوگوں کی عمارتوں کو منہدم کرتے ہوئے سرکاری اراضیات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ میرعالم ٹینک کے اطراف کے علاقے میں راجندر نگر تحصیلدار کی جانب سے مکانات کو نوٹس جاری کی گئی۔ نوٹس کے خلاف مقامی افراد نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ جسٹس سی وی بھاسکر ریڈی کی زیر قیادت بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ بنچ نے حیڈرا کے حکام سے سوال کیا کہ درگم چیروو اور میاں پور جھیل پر غیرقانونی قبضوں کو برخواست کرنے کیلئے کارروائی کیوں نہیں کی جارہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ جھیلوں کا تحفظ درست ہے لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیئے۔ میرعالم ٹینک کے اطراف اگر سرکاری اراضیات پر ناجائز تعمیرات ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ ہائی کورٹ نے نوٹس کے مسئلہ پر حیڈرا سے وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت کو آئندہ کیلئے ملتوی کردیا۔1