خلیجی ممالک میں فوت ہونے والے 66 تلنگانہ ورکرس کے خاندانوں کو ایکس گریشیاء

   

چیف منسٹر کی ہدایت پر 3.3 کروڑ کی اجرائی، سابق رکن اسمبلی ای انیل کی مؤثر نمائندگی
حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے خلیجی ممالک میں فوت ہونے والے تلنگانہ کے ورکرس کے افراد خاندان کی امداد کے طور پر 3.3 کروڑ ایکس گریشیاء کی منظوری دی ہے۔ پہلے مرحلہ میں حکومت نے 103 خاندانوں کے لئے فی کس 5 لاکھ روپئے کے حساب سے 5.15 کروڑ جاری کئے تھے۔ تلنگانہ منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین اور سابق رکن اسمبلی ای انیل نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے 66 خاندانوں کے لئے 3.3 کروڑ ایکس گریشیاء کی اجرائی پر اظہار تشکر کیا۔ تلنگانہ حکومت نے خلیجی ممالک میں ملازمت کے دوران فوت ہونے والے تلنگانہ ورکرس کے افراد خاندان کے لئے فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء کا اعلان کیا ہے۔ مستحق خاندانوں کے انتخاب کے لئے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر 66 خاندانوں کو فی کس 5 لاکھ روپئے کے حساب سے 3.30 کروڑ جاری کئے گئے اور ایکس گریشیاء کی رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ کو رقم جاری کرنے کی ہدایت دی۔ جن 66 خاندانوں کو ایکس گریشیاء کی رقم حاصل ہوئی ہے اُن میں نظام آباد کے 28 خاندان شامل ہیں۔ جگتیال 19، کاماریڈی 9، نرمل 7، میدک، رنگاریڈی اور سنگاریڈی میں ایک ایک خاندان کو ایکس گریشیاء کی رقم منظور کی گئی۔ مالیاتی سال 2024-25 ء میں اسکیم کے تحت 169 خاندانوں کو 8.45 کروڑ کی رقم جاری کی گئی ہے۔1