خواتین ریزرویشن بل فوراً نافذ کیا جائے

,

   

الکا لامبا کی زیر قیادت مہیلا کانگریس کی بی جے پی دفتر تک احتجاج کی کوشش

نئی دہلی ۔19؍اپریل ( ایجنسیز ) کانگریس کی خواتین نے اتوار (19 اپریل) کو لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کی موجودہ نشستوں پر ہی 33 فیصد خواتین ریزرویشن نافذ کرنے کے مطالبہ کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران کانگریس لیڈران اور کارکنان نے بی جے پی ہیڈکوارٹر تک احتجاج کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بیریکیڈنگ لگا کر انہیں پہلے ہی روک دیا۔ احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے مہیلا کانگریس کی قومی صدر الکا لامبا نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہیکہ خواتین ریزرویشن کو فوری طور پر نافذ کیا جائے۔ الکا لامبا نے کہا کہ 2023 میں خواتین ریزرویشن کو منظور کرانے میں کانگریس پارٹی کا بھی تعاون رہا لیکن اب بی جے پی کی نیت خراب ہے۔ ابھی جو ترمیمی بل لایا گیا وہ خواتین ریزرویشن بل نہیں بلکہ حد بندی کا بل تھا۔ ابھی جب مردم شماری ہی نہیں ہوئی تو حکومت ابھی حد بندی کر کے اپنی من مانی کرنا چاہتی ہے، لیکن کانگریس پارٹی ایسا نہیں ہونے دے گی۔الکا لامبا کے مطابق کانگریس ہمیشہ سے خواتین ریزرویشن کے حق میں رہی ہے، اسی لیے ہم نے 2023 میں ہی خواتین ریزرویشن بل منظور کروا دیا تھا۔ لیکن اب نریندر مودی اپنی بات سے پلٹ رہے ہیں اور لوک سبھا میں جنوبی ہندوستانی ریاستوں کی نشستیں کم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ کو حد بندی کرنی ہے تو پہلے مردم شماری کرائیں اور اس کے بعد ہی حلقہ بندی کریں تاکہ تمام ریاستوں کو مناسب نمائندگی مل سکے۔ الکا لامبا نے کہا کہ خواتین ریزرویشن کو ہمیشہ کانگریس نے ہی آگے بڑھایا ہے۔ خواتین کیلئے پنچایتوں میں ریزرویشن کانگریس نے دیا۔ ملک کو پہلی خاتون وزیر اعظم کانگریس نے دی۔ پہلی خاتون صدر کانگریس نے بنائی۔
بی جے پی نے جوڑ توڑ کی سیاست کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ جب خواتین ریزرویشن بل 2023 میں ہی منظور ہو چکا ہے تو اس کو ابھی لانے کی کیا ضرورت تھی۔