لکھنؤ، 28 نومبر (یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے خواتین کے ریزرویشن کے حوالے سے مرکزی حکومت کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ، لیکن اس کے ساتھ ہی ایس سی ۔ ایس ٹی خواتین کیلئے الگ سے ریزرویشن کا مطالبہ بھی اٹھایا ہے ۔ مایاوتی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں پانچ نکات میں اپنی بات رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی شروع سے ہی ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے انتہائی انسانیت نواز، فلاحی اور مساوات پر مبنی آئین کی مقدس منشا کے تئیں وفادار رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے پارٹی تمام طبقات کی خواتین کے احترام و تحفظ اور سیاست میں مناسب عزت و مواقع کی زبردست حامی رہی ہے اور لوک سبھا و اسمبلیوں میں 33 فیصد ریزرویشن جلد نافذ کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے ۔ ہم مرکز کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مایاوتی نے کہا کہ اچھا، بلکہ تاریخی ہوتا اگر صدیوں سے استحصال زدہ، مظلوم اور نظر انداز کیے گئے خاص طور پر ایس سی ۔ ایس ٹی سماج کی خواتین کو اسی میں الگ سے ریزرویشن دینے کا انتظام کر دیا جاتا۔ تاکہ تنگ نظر، ذات پات پر مبنی، دولت اور طاقت سے متاثر انتخابی سیاست میں انہیں بھی صحیح طریقے سے حصہ لے کر تھوڑا آگے بڑھنے کا موقع مل جاتا، تو یہ ملک اور عوامی مفاد کی بہتر بات ہوتی۔ مرکزی حکومت اب بھی اس پر ہمدردانہ غور کر لے تو یہ مناسب اور منصفانہ ہوگا۔ بی ایس پی سربراہ نے لوک سبھا اور اسمبلی کی موجودہ نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافے اور حد بندی کے تعین کے دوران نشستوں کی سرحدیں طے کرنے میں گڑبڑی کر کے سیاسی و انتخابی مفادات پورے کرنے کے الزامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ۔
درحقیقت جو بھی پارٹی مرکز کے اقتدار میں رہتی ہے ، وہ ایسے زیادہ تر معاملات میں ملک اور عوامی مفاد کی پرواہ کم اور پارٹی مفاد کو زیادہ اہمیت دیتی ہے ، جو کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں تمام طبقات کے لوگ اچھی حکومت کے لیے مذہب، ذات پات، علاقائیت میں بہے بغیر اور لبھاؤنے وعدوں کے دھوکے میں آئے بغیر، اچھے لوگوں کو منتخب کرنے کا عزم کریں تو یہ جمہوریت اور آئین کے تحفظ و احترام کی اصل ضمانت ہوگی، جس کے لیے بی ایس پی پرعزم ہے ۔