حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسٹیٹ پروٹیکشن ایجنسی ( حیڈرا ) کی ایک ٹیم ، سیری لنگم پلی ریونیو اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے 31 دسمبر کی صبح خواجہ گوڑہ جھیل کے بفر زون علاقوں اور فل ٹینک لیول ( ایف ٹی ایل ) حدود میں غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ عمارتوں کو منہدم کردیا ۔ سخت سیکوریٹی اور پولیس بندوبست میں تقریبا 20 غیر قانونی عمارتوں بشمول شاپس کو منہدم کردیا گیا ۔ عہدیداروں کے مطابق خواجہ گوڑہ جھیل کے ایف ٹی ایل حدود کے قریب دو ایکڑ رقبہ پر تعمیر کردہ ان عمارتوں سے سیلابی پانی کے اس جھیل میں نیچرل بہاؤ میں رکاوٹ ہورہی تھی ۔ یہ مقام گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) حدود کے نانک رام گوڑہ ولیج کے تحت آتا ہے ۔ یہ انہدامی کارروائی ، حیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ کی جانب سے 23 دسمبر کو نارسنگی ریجنس میں نیک نام پور جھیل اور نانک رام گوڑہ کے قریب ٹوٹنی کنٹہ بھاگیرتماں جھیلوں کے فیلڈ انسپیکشن کے بعد کی گئی ۔ دریں اثناء مقامی لوگوں نے شکایت کی کہ انہیں صرف 24 گھنٹے کی نوٹس دی گئی جو ن کے سامان کو منتقل کرنے کیلئے کافی نہیں تھی ۔۔