غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال سمیت احتجاج جاری رہے گا‘طلباء کا آج اسمبلی تک مارچ
رانچی۔9؍اگست ( ایجنسیز ) جھارکھنڈ حکومت اور طلبہ کے درمیان آج ہونے والی بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ طلباء نے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال سمیت اپنا احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا یہاں تک کہ ان کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ریاستی حکومت کی طرف سے تین امتحانات کو منسوخ کرنے کی تجویز کے باوجود بات چیت ناکام ہوگئی۔ ریاستی حکومت کی کمیٹی کے ساتھ JPSC-JSCC اصلاحی منچ کے سات رکنی وفد کی بات چیت ایک گھنٹے کے بعد بے نتیجہختم ہوئی۔ طلباء کااحتجاج اتوار کو 16ویں روز میں داخل ہو گیا۔بات چیت کے بعد، جھارکھنڈ کے وزیر سودیویہ کمار نے کہا کہ امتحان میں بے ضابطگیوں کے معاملات کو نمٹانے کے لیے ایک فاسٹ ٹریک عدالت قائم کی جائے گی اور 90 دنوں کے اندر چارج شیٹ داخل کی جائے گی۔ کمار نے کہا کہ طلباء کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی جو ایجی ٹیشن واپس لینے کا فیصلہ کریں گے۔آج کی میٹنگ چیف منسٹر ہیمنت سورین کی قیادت والی حکومت اور طلبہ گروپوں کے درمیان گزشتہ دو دنوں سے جاری بات چیت کے حل پر متفق نہ ہونے کے بعد ہوئی ہے۔ طالب علم رہنما دیویندر ناتھ مہتوغیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ایک اور طالب علم راہول کرانتیم طبی نگرانی میں ہیں۔ مجموعی طور پر چھ مظاہرین بھوک ہڑتال پر ہیں۔ رانچی کے جے پال سنگھ اسٹیڈیم میں مبینہ JPSC پیپر لیک کے خلاف احتجاج کے 16 دن بھوک ہڑتال کرنے والے طالب علم رہنما دیویندر ناتھ مہتو کا طبی علاج ہو رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آج کی میٹنگ کے دوران، ریاستی حکومت نے امتحان میں بے ضابطگیوں کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) کے ذریعہ مالی لین دین کی جانچ کرانے پر رضامندی ظاہرکی۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ کی پرائیویٹ ٹیسٹنگ ایجنسی ڈیٹا پروسیسنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ کئے گئے تمام امتحانات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ریاستی حکومت نے پچھلے کچھ دنوں میں مختلف طلبہ گروپوں کے ساتھ بات چیت کے کئی دور کیے ہیں ۔ اسی دوران جھارکھنڈ کے گورنر نے امیدواروں کے احتجاج کے درمیان جے پی ایس سی کے تین ارکان کے استعفے قبول کر لیے۔ طلباء نے بات چیت کے بے نتیجہ ہونے کے بعد10 اگست کو جھارکھنڈ اسمبلی تک مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومتی پینل کے ساتھ بات چیت کے بعد طلبہ لیڈروں کا کہنا ہے کہ سی بی آئی جانچ کے اعلان تک سمجھوتہ کیلئے تیار نہیں۔ مملکتی وزیردفاع سنجے سیٹھ کے ساتھ ریاستی بی جے پی صدر ادتیہ ساہو نے آج بھوک ہڑتال کررہے طلبہ سے خیرسگالی ملاقات کی۔