شریمتی پی وجیہ ریڈی کا ادخال پرچہ نامزدگی ، درگاہ حضرات یوسفینؒ پر حاضری
حیدرآباد۔9۔نومبر۔(سیاست نیوز) غنڈہ گردی ‘ غیرسماجی عناصر سے چھٹکارہ اور حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی ترقی کے لئے کانگریس امیدوار کی کامیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ریاست میں کانگریس کو اقتدار عوام کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہوگا۔ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی کانگریسی امیدوارہ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے آج اپنے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے ان کا مقابلہ غنڈہ گردی‘ فرقہ پرستی اور غیر سماجی عناصر کے ساتھ ہے۔وجیہ ریڈی نے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد درگاہ حضرات یوسفین ؒ پہنچ کر چادر گل پیش کی اور ان کی جانب سے چادر گل کی پیشکشی کے بعد ذمہ داران نے ان کی کامیابی کے لئے خصوصی دعاء کی۔ انہوں نے بتایا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کو نظرانداز کئے جانے اور اس علاقہ کی مسلم بستیوں کے مسائل کو جوں کا توں برقرار رکھتے ہوئے انہیں پسماندہ تر کردیئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس حلقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں وہ عوام پر غنڈوں اور غیر سماجی عناصر کے ذریعہ خوف پیدا کرتے ہوئے انہیں خوفزدہ کرتے ہوئے حکمرانی کی کوشش کی جار ہی ہے۔مسز پی وجیہ ریڈی نے بتایا کہ ان کے والد آنجہانی پی جناردھن ریڈی نے اس حلقہ میں مسلم آبادیاں بسانے میں اہم کردار ادا کیا اور اب جو لوگ اس علاقہ کی نمائندگی کرر ہے ہیںوہ مسلم بستیوں کو اجاڑنے میں مصروف ہیں اور ان علاقوں میں اپنا دبدبہ بنانے کے لئے مسلم نوجوانوں کو ہراساں کیا جا رہاہے۔ وجے ریڈی نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ خوفزدہ ہونے کے بجائے جمہوری انداز میں اپنی جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے عوام کے درمیان رہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے ہی نہیں بلکہ ریاست تلنگانہ سے غنڈہ گردی کے خاتمہ کا دور شروع ہوچکا ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال سے قبل مسز وجیہ ریڈی نے آنجہانی قائد اور ان کے والد پی جناردھن ریڈی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے بعد ازاں طویل جلوس کی شکل میں خیریت آباد ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچ کر اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا ۔ مسز پی وجیہ ریڈی کے پرچہ نامزدگی جلوس میں مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی رکن پارلیمنٹ نے شرکت کرتے ہوئے شرکاء سے خطاب کیا اور کہا کہ ریاست تلنگانہ اب حقیقی سنہرے تلنگانہ اور سماجی انصاف کو یقینی بنانے والی حکومت کی سمت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مسز پی وجیہ ریڈی کی کامیابی کو یقینی بنائیں اور غنڈہ عناصر کو شکست سے دوچار کریں۔