درگاہ حضرت جان اللہ شاہ قادریؒ سے متصل قبرستان میں قبور کی بے حرمتی اور انہدام

   

خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے صدر نشین وقف بورڈ کا تیقن ، مرحومین کے رشتہ داروں کا احتجاج
حیدرآباد۔یکم۔اگسٹ(سیاست نیوز) درگاہ حضرت جان اللہ شاہ قادریؒ سے متصل قبرستان میں قبورکی بے حرمتی اور انہدام کا صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے سخت نوٹ لیتے ہوئے درگاہ کا دورہ کیا اور تفصیلات حاصل کرنے کے بعد قبور کی بے حرمتی اور انہدام کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت دی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے قبور کو منہدم کئے جانے کی اطلاع کے ساتھ ہی درگاہ حضرت جان اللہ شاہ قادریؒ کا دورہ کیا اور قبور پر بلڈوزر چلانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2021 میں درگاہ و قبرستان حضرت جان اللہ شاہ قادری ؒ سے متصل 1000مربع گز کھلی اراضی پر ترقیاتی کاموں کے لئے وقف بورڈ کی جانب سے منظوری دی گئی تھی لیکن منظوری حاصل کرنے کے بعد کھلی اراضی پر کام کرنے کے بجائے متعلقہ شخص نے قبور کو مسمار کرتے ہوئے قبرستان کو بھی اس میں شامل کرنے کی کوشش کی ہے جو کہ ناقابل معافی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ قلب شہر میں واقع اس انتہائی قیمتی اوقافی اراضی کو گذشتہ وقف بورڈ میں ترقیاتی کاموں کے لئے حوالہ کئے جانے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے 1000 مربع گز اراضی پر ترقیاتی کاموں کی اجازت دیئے جانے کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے تعمیری اجازت نامہ دینے سے انکار کردیا ہے اور قبرستان سے متصل کھلی اراضی کو موسیٰ ندی کا بفر زون کا حصہ قرار دیا ہے جو کہ موقوفہ ہے لیکن اس کے باوجود اس پر کسی قسم کے تعمیراتی کام انجام نہیں دیئے جاسکتے ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان کے درگاہ حضرت جان اللہ شاہ قادری ؒ کے دورہ کے دوران تحفظ اوقاف کے جہدکاروں کے علاوہ جن شہریوں کے آباء و اجداد کے قبور اس قبرستان میں موجود تھے ان لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور صدرنشین کی آمد پر ان کے خلاف نعرہ بازی کی گئی لیکن صدرنشین نے تمام احتجاجیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا تیقن دیا کہ وہ اس موقوفہ اراضی کے تحفظ کے معاملہ میں کوئی مفاہمت نہیں کریں گے اور تلنگانہ وقف بورڈ کے عہدیدار بھی اگر اس واقعہ میں ملوث ہیں تو ان کے خلاف کاروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہو ں نے بتایا کہ اس موقوفہ اراضی کے مکمل تحفظ اور سروے کے اقدامات کے علاوہ قبرستان پر بلڈوزر چلانے والوں کے خلاف کاروائی کی ہدایت دے دی گئی اور ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں گے۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے عہدیداروں نے صدرنشین کے دورہ کے فوری بعد سروے اور اب تک کی گئی انہدامی کاروائی کے علاوہ 2021 میں دیئے گئے تعمیری اجازت نامہ کی تمام تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے صدرنشین کو رپورٹ پیش کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق قبرستان میں جن لوگوں کو دفن کیا گیا ہے ان کے ورثاء اور قبرستان کو مسمار کرنے کی کوشش کرنے والوں کے درمیان ہاتھاپائی بھی ہوئی اور ورثاء نے قبور مسمار کئے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔م