نئی دہلی، 16 جولائی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کجریوال نے جنتر منتر پہنچ کر ماہرِ تعلیم سونم وانگ چوک کی بھوک ہڑتال کی حمایت کی اور مرکزی حکومت سے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو ہٹا کر وانگ چوک وزیر تعلیم بنانے کا مطالبہ کیا۔ کجریوال نے کہا کہ مسابقتی امتحانات میں مسلسل پیپر لیک سے نوجوانوں کا بھروسہ ٹوٹ رہا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیٹ پیپر لیک کے بعد کئی طلبہ نے خودکشی کی، لیکن حکومت نے نظام میں کوئی ٹھوس تبدیلی نہیں کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہر بار جانچ، ایف آئی آر اور گرفتاریاں ہوتی ہیں، لیکن بعد میں ملزمان ضمانت پر رہا ہو جاتے ہیں اور اگلے سال پھر پیپر لیک ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو دھرمیندر پردھان کی جگہ سونم وانگ چوک کو وزیر تعلیم بنانا چاہیے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت ایسا اس لیے نہیں کرے گی کیونکہ اسے ڈر ہے کہ وانگ چوک تعلیمی شعبے میں بڑی تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے انقلابی قیادت اور وسیع اصلاحات دونوں ضروری ہیں۔ رکن راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے بھی عوام 20 جولائی کو بڑی تعداد میں پارلیمنٹ مارچ میں شامل ہونے کی اپیل کی۔