باغ جہاں آرا یاقوت پورہ میں سنسنی خیز واقعہ‘حملہ آور گرفتار
حیدرآباد 17 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ باغ جہاں آراء میں جمعرات کی شب ایک دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا جس میں ایک جنونی عاشق نے ایک باپ کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا جبکہ اُن کے بیٹے کو شدید زخمی کردیا۔ اِس واقعہ نے باغ جہاں آراء یاقوت پورہ علاقہ میں خوف و ہراس پیدا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 27 سالہ حبیب محمد جو سابق میں امیزان کے ڈیلیوری بوائے کی ملازمت کرتا تھا اور چند ماہ سے وہ بیروزگار ہے۔ حبیب محمد اُسی علاقہ کی رہنے والی ایک لڑکی سے یکطرفہ محبت کرتا تھا اور اُس کا جنون انتہا کو پہونچ گیا تھا کہ اس نے لڑکی کے باپ 55 سالہ حشمت علی خان کے مکان پہونچ کر لڑکی سے شادی کرنے کا اصرار کیا جس پر والد نے صاف طور پر انکار کردیا۔ منصوبہ بند طریقہ سے پہونچنے والے جنونی عاشق نے لڑکی کے باپ کے انکار پر تیز دھار چاقو سے اُن پر مسلسل وار کرنا شروع کردیا اور بیچ بچاؤ کے لئے پہونچنے والے 16 سالہ کم عمر بیٹے عمر علی خان کو بھی شدید زخمی کردیا۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام 6.30 بجے پیش آیا۔پولیس نے مقامی عوام کی مدد سے حملہ آور کو فوری حراست میں لے لیا۔ حملہ میں شدید زخمی حشمت علی خان برسر موقع ہلاک ہوگئے جبکہ شدید زخمی بیٹے کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا۔ڈی سی پی چارمینار زون کرن کھرے پربھاکر نے مقام واردات کا دورہ کیا اور کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ حبیب محمد لڑکی سے یکطرفہ محبت کرتا تھا اور جنون کی کیفیت میں لڑکی کے باپ کا قتل کردیا۔ پولیس مادنا پیٹ نے قتل کا مقدمہ درج کرکے مقام واردات سے اہم شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے۔(ب؍V)