رام مندر چندہ چوری پر ریمارکس پر حملہ آور برہم تھا ۔ مجھے ہلاک کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ۔ پپو یادو کا الزام
نئی دہلی 2 اگسٹ ( ایجنسیز ) بہار میں پورنیہ حلقہ کے آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو پر آج ایک شخص نے دہلی میں پریس کانفرنس کے دوران جوتا پھینکا ۔ اس کے نتیجہ میں یہاں گہما گہمی پیدا ہوگئی اور پپو یادو کے حامیوں نے رسہ کشی کے بعد حملہ آور پر غلبہ حاصل کرلیا ۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق ایودھیا رام مندر میں چندہ چوری کے معاملے میں پپو یادو کے حالیہ بیان کے خلاف احتجاج کے طور پر اس شخص نے ان پر جوتا پھینکا ۔ اس واقعہ کے بعد وہاں افرا تفری پیدا ہوگئی تھی اور ایک دوسرے کو ڈھکیلا جا رہا تھا ۔ پپو یادو کے حامیوں نے رسہ کشی کے بعد حملہ آور کو پکڑ لیا اور اسے پولیس کے حوالے کردیا ۔ پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع کے بموجب یہ شحص پریس کانفرنس کے مقام پر داخل ہوگیا اور اس نے پپو یادو پر جوتا پھینکا ۔ اس شخص کی سمیت کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے جو اترپردیش کے بلند شہر کا رہنے والا ہے ۔ پولیس تمام حالات کا جائزہ لے رہی ہے ۔ پولیس کے بموجب پپو یادو کے حامیوں نے حملہ آور کو پولیس کے حوالے کردیا ہے ۔ اس کے ساتھ ایک چاقو بھی دستیاب ہوا اور وہ بھی پولیس کو سونپ دیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے چاقو کی دستیابی کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ پپو یادو نے بعد ازاں دعوی کیا کہ حملہ آور کے پاش چاقو بھی تھا اور وہ انہیں ہلاک کرنے آیا تاھ ۔ پپو یادو نے مزید الزام عائد کیا کہ ان کو ہلاک کرنے ایک سازش کی جا رہی ہے ۔ ہر روز کچھ مذہبی چہرے یہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں زندہ جلادیا جائے ۔ 51 لاکھ روپئے کا انعام دیا جائیگا ۔ ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ انہیں ( پپو یادو ) کو ہلاک کردیا جائے ۔ در اصل مجھے ہلاک کرنے کی سازش کی جار ہی ہے ۔ پپو یادو کے میڈیا کنوینر نے بتایا کہ پہلے ایک چپل پھینکی گئی پھر جب حملہ کرنے چاقو نکالا گیا ہمارے حامیوں نے اسے پکڑ لیا ۔