راجہ سنگھ کو اشتعال انگیز بیان بازی پر پولیس کی نوٹس

   

حیدرآباد : /19 جنوری (سیاست نیوز) اسمبلی گوشہ محل کے معطل شدہ بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کو منگل ہاٹ پولیس نے اشتعال انگیز بیان کے کیس میں نوٹس جاری کیا ۔ کنچن باغ پولیس نے آئی ایس سدن کے ساکن سید محمود علی کی شکایت پر جولائی 2022 ء میں راجہ سنگھ کے خلاف درگاہ اجمیر شریف کی شان میں بیان گستاخی پر مقدمہ درج کیا تھا ۔ اس معاملہ کی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ راجہ سنگھ نے درگاہ اجمیر شریف سے متعلق ویڈیو اپنے مکان منگل ہاٹ سے جاری کیا تھا اور اس بنیاد پر کیس کو کنچن باغ پولیس اسٹیشن سے منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے تعزیرات ہند کے دفعہ 295A کے تحت مقدمہ درج کرکے سی آر پی سی کے دفعہ 41A کے تحت معطل شدہ رکن اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 نکات پر مشتمل ایک مشروط نوٹس جاری کی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال راجہ سنگھ پر حیدرآباد پولیس نے پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے طویل عرصہ کیلئے جیل بھیج دیا تھا ۔