ضلع کلکٹر کی صدارت میں سلیکشن کمیٹی، آن لائن درخواستوں کے ادخال کی 5 اپریل آخری تاریخ، رہنمایانہ خطوط کی اجرائی
حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے راجیو یووا وکاسم اسکیم پر عمل آوری کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ اسکیم کے تحت ایس سی، ایس ٹی، بی سی ، اقلیت اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو خودروزگار کے تحت کاروبار شروع کرنے کیلئے امداد دی جائے گی۔ پرنسپل سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ این سریدھر نے جی او ایم ایس 7 جاری کیا جس میں اسکیم پر عمل آوری اور اہلیت کی تفصیلات درج کی گئی ہیں۔ اضلاع میں مختلف طبقات کی آبادی کے اعتبار سے ایکشن پلان ٹارگٹ الاٹ کئے گئے اور ایس سی، ایس ٹی، بی سی و میناریٹی کارپوریشنوں کے ذریعہ اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹرس منڈل اور میونسپلٹیز میں آبادی کے اعتبار سے استفادہ کنندگان کا ٹارگٹ مقرر کریں گے۔ چار مختلف زمرہ جات میں امدادی رقم منظور کی جائے گی۔ 50 ہزار روپئے تک کی رقم صد فیصد سبسیڈی رہے گی جبکہ ایک لاکھ روپئے میں 90 فیصد سبسیڈی اور 10 فیصد بینک لون رہے گا۔ 2 لاکھ روپئے تک امداد میں 80 فیصد سبسیڈی اور 20 فیصد بینک لون جبکہ 4 لاکھ روپئے تک کی امداد میں سبسیڈی 70 فیصد اور بینک لون 30 فیصد رہے گا۔ غیر زرعی علاقوں میں امیدواروں کی اہلیت کی عمر 21 تا 55 سال جبکہ زراعت اور دیگر مربوط شعبہ جات سے وابستہ افراد کیلئے 21 تا 60 سال عمر کا تعین کیا گیا۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے جن دستاویزات کو لازمی قرار دیا گیا ہے ان میں آدھار کارڈ، راشن کارڈ یا انکم سرٹیفکیٹ، کاسٹ سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس، زرعی امیدواروں کیلئے پٹہ دار پاس بک، پاسپورٹ سائز فوٹو شامل ہیں۔ اسکیم کی شرائط کے تحت ہر خاندان میں صرف ایک شخص کو امدادی رقم منظور کی جائے گی۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کیلئے OBMMS پورٹل سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ درخواستوں کے آن لائن ادخال کے بعد ہارڈ کاپی منڈل پرجا پالنا سیوا کیندر یا میونسپل کمشنر یا زونل کمشنر کے دفاتر میں داخل کرنا ہوگا۔ منڈل کی سطح پر ویریفکیشن اور اسکریننگ کمیٹی رہے گی جو ایم پی ڈی او ، میونسپل کمشنر، زونل کمشنر، ضلع کلکٹر کا نامزد عہدیدار، مسلمہ بینکوں کے منیجرس شامل رہیں گے۔ اہل امیدواروں کی فہرست بینکوں کو روانہ کی جائے گی جہاں ضروری جانچ کے بعد بینک قرض منظور کریں گے۔ ضلعی سطح پر سلیکشن اور اسکریننگ کمیٹی ضلع کلکٹر کی صدارت میں قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی میں ایڈیشنل کلکٹر، پراجکٹ ڈائرکٹر ڈی آر ڈی اے، جنرل منیجر انڈسٹریز، ایگزیکیٹو ڈائرکٹر کارپوریشن ، ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر اور دیگر عہدیدار شامل رہیں گے۔ ضلع واری سطح کی کمیٹی استفادہ کنندگان کا انتخاب کرے گی۔ حکومت کے طئے شدہ گائیڈ لائنس کے مطابق منتخب امیدواروں کو ایک ہفتہ تا 15 دن کی ٹریننگ دی جائے گی۔ آن لائن درخواستیں 5 اپریل تک داخل کی جاسکتی ہیں جبکہ 6 اپریل تا 20 مئی منڈل کی سطح پر اہل امیدواروں کو بینک سے مربوط کیا جائے گا۔ 21 مئی تا 31 مئی ضلع واری سطح پر درخواستوں کی جانچ اور منظوری دی جائے گی۔ 2 جون تا 9 جون ریاست بھر میں منتخب امیدواروں کو منظوری کے مکتوب حوالے کئے جائیں گے۔1