رام مندر میں چڑھاوا چوری پر راجیہ سبھا میں اپوزیشن کا ہنگامہ

,

   

نئی دہلی۔ 31 جولائی (یو این آئی) راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے جمعہ کو رام مندر میں چڑھاوے کی چوری کے معاملہ پر زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کرنی پڑی اور عوامی اہمیت کے امور سے متعلق وقفہ صفر کی کارروائی نہیں چل سکی۔ چیئرمین سی پی رادھا کرشنن کی جانب سے قانون سازی کے دستاویزات ایوان میں پیش کئے جانے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کرنی چاہی اپوزیشن کے ارکان نے زور زور سے بولنا شروع کر دیا۔ حزب اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ انہوں نے رول 267 کے تحت کارروائی ملتوی کرنے کی تجویز کا نوٹس دیا ہے ۔ چیئرمین نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ رول 267 کا کوئی نوٹس قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن کے ارکان سے کہا کہ آپ کو دوسروں کی بات بھی سننی چاہیے ۔ آپ ہمیشہ اپنی بات کہہ کر باہر چلے جاتے ہیں۔ ارکان کی جانب سے پوائنٹ آف آرڈر اٹھائے جانے پر انہوں نے کہا کہ یہ وقفہ صفر ہے اس میں پوائنٹ آف آرڈر نہیں اٹھایا جا سکتا۔ چیئرمین نے اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان وقفہ صفر کی کارروائی شروع کر دی۔ اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان ایک دو ارکان نے اپنے معاملات اٹھائے لیکن شور شرابے کی وجہ سے ان کی بات سنی نہیں جا سکی۔