رانچی میں مولانا آزاد کی برسی منائی گئی

   

رانچی : جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیراہتمام عظیم ماہر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی برسی آج ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر، کانگریس بھون، رانچی میں منائی گئی۔ پروگرام میں سب سے پہلے کانگریسیوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تصویر پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ریاستی مقررین نے مجاہد آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کی شخصیت اور کام پر گفتگو کی اور انہیں ایک عظیم ماہر تعلیم اور قوم پرست سیاست دان قرار دیا۔ وہ ایک شاعر، ادیب، صحافی اور مجاہد آزادی تھے ۔ آزادی کے بعد وہ ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم بنے اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کا قیام ان کے ناقابل فراموش کاموں میں سے ایک ہے ۔ ملک میں تعلیم کے فروغ میں ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
مولانا آزاد کا شمار آزادی کی جدوجہد کے ممتاز رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ ایک عظیم صحافی اور ادیب بھی تھے ۔ ملک کے لیے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مولانا ابوالکلام کا رانچی سے بھی اٹوٹ رشتہ تھا۔ یہاں بھی انہوں نے تعلیمی اداروں کے قیام میں نمایاں خدمات سرانجام دیں، کئی ادارے آج بھی اپنے شاندار ماضی کے ساتھ چل رہے ہیں۔
راکیش سنہا، سونل شانتی، جگدیش ساہو، راجن ورما، ڈاکٹر کمار راجہ، نیلی ناتھن، گنجن سنگھ، چھوٹو سنگھ، منوج سہائے پنکو، شہباز احمد، دنیش لال سنہا، بھرت کشور راوت، پربھات کمار، انیل کمار سنگھ، اجے سنگھ سمیت کئی کانگریسیوں نے پروگرام میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔