تلنگانہ میں گگ ورکرس پالیسی کا اجراء ، 5 لاکھ بیمہ اور 10 لاکھ تک مفت علاج کی سہولت
حیدرآباد، 14 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کا ہر وعدہ ہمارے لیے حکم کا درجہ رکھتا ہے اور راہول گاندھی کی جانب سے گگ ورکرس [Gig Workers] سے کیے گئے وعدے کو آج عملی جامہ پہناتے ہوئے ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیری جا رہی ہیں۔ حیدرآباد کے جیا بھیری گراؤنڈ میں منعقدہ گگ ورکرس کے عظیم الشان جلسہ عام سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک مرکزی یا ریاستی حکومتوں کی جانب سے گگ ورکرس کو ان کا جائز حق اور محنت کے مطابق صلہ نہیں دیا گیا تھا لیکن کانگریس حکومت نے ان کی فلاح و بہبود اور قانونی تحفظ کے لیے یہ تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہول گاندھی نے گگ ورکرس کو انصاف دلانے کا جو عزم ظاہر کیا تھا آج گگ ورکرس پالیسی کا یہ قانون انہی کے مبارک ہاتھوں سے نافذ کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اس موقع پر اہم اعلانات کرتے ہوئے بتایا کہ پنڈت جواہر لعل نہرو کے یومِ پیدائش کے پرمسرت موقع پر حکومت کی جانب سے گگ ورکرس کے لیے 5 لاکھ روپے کا حادثاتی بیمہ نافذ کیا جا رہا ہے، جبکہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپے تک مفت طبی امداد کا تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت گگ ورکرس کا ایک باقاعدہ بورڈ تشکیل دے گی اور انہیں خصوصی شناختی کارڈ جاری کیے جائیں گے تاکہ اس قانون کے ذریعہ ان کے حقوق کا پختہ تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کانگریس پارٹی نے گگ ورکرس کو محض ملازم یا نوکر نہیں بلکہ ریاست کی ترقی میں برابر کا شراکت دار بنانے کی گراں قدر پہل کی ہے اور یہ پالیسی ان کے سماجی تحفظ کے لیے بہترین ثابت ہوگی۔ قبل ازیں، گگ ورکرس نے شلپا کلا ویدیکا سے جیا بھیری گراؤنڈ تک ایک پرجوش اور طویل بائیک ریالی نکالی جس میں راہول گاندھی، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس کے کئی سرکردہ قائدین نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔ 2