کانگریس قائد کسم کمار سے رقم کا مطالبہ کرنے پر کارروائی
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے خود کو لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کے سیاسی مشیر ظاہر کرکے عوام کو دھوکہ دینے والے 45 سالہ شخص کو پنجاب کی پٹیالہ سنٹرل جیل سے حیدرآباد منتقل کیا۔ پی ٹی وارنٹ پر گورو کمار عرف گورا متوطن پنجاب کو حیدرآباد منتقل کیا گیا جس نے ملک کے مختلف مقامات پر 14 افراد کو 3 کروڑ رقم اور زیورات کا دھوکہ دیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے یکم جولائی کو درج مقدمہ کی جانچ کیلئے گورو کمار کو حیدرآباد منتقل کیا ۔ اے آئی سی سی سکریٹری کسم کمار کی شکایت پر گورو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ گورو نے خود کو راہول گاندھی کا سیاسی مشیر کنشک سنگھ ظاہر کرکے اہم عہدہ دلانے رقومات کا مطالبہ کیا تھا۔ اس نے کسم کمار سے واٹس ایپ کال پر بات کی اور سیاسی اہم عہدے کیلئے رقم ادا کرنے کی خواہش بھی کی تھی ۔ کسم کمار نے پولیس کو واٹس ایپ کالنگ کی تمام تفصیلات اور شواہد پیش کئے۔ انہوں نے ملزم کو کوئی رقم ادا نہیں کی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ملزم نے خود کو کنشک ظاہر کرکے کئی علاقوں میں سیاستدانوں کو پارٹی ٹکٹ اور عہدوں کے نام پر دھوکہ دیا ۔ بتایا گیا کہ پنجاب پولیس نے ایسے ہی ایک معاملہ میں دھوکہ باز کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا تھا ۔ پولیس کے مطابق ملزم ایک عادی مجرم ہے اور خود کو راہول کا سیاسی مشیر ظاہر کرکے مختلف پارٹیوں کے قائدین اور اسمبلی الیکشن امیدواروں سے ربط کیا تھا۔ 1؍F