نئی دہلی :اینکر اور سینئر صحافی روبیکا لیاقت پانچ سال سے زیادہ عرصے تک اے بی پی نیوز سے وابستہ تھیں اور حال ہی میں بھارت 24 چیانل میں بطور نائب صدر شامل ہوئی تھیں لیکن مختصر عرصہ میں انہوں نے بھارت24چیانل سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔بھارت 24 کے سی ای او اور چیف ایڈیٹر جگدیش چندرا نے اس کی تصدیق کی۔چینل نے بھاری دل کے ساتھ ان کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔بھارت 24 میں روبیکا کی تقریباً 6 ماہ کی مدت کار شاندار رہی لیکن بعض اوقات روبیکا نے قدرتی طور پر محسوس کیا کہ بھارت 24 کا پلیٹ فارم ایک اسٹارٹ اپ چینل ہے جو ان کے لیے نسبتاً چھوٹا ہے ۔ان خیالات کا اظہار جگدیش چندرا نے کیا۔ روبیکالیاقت نے ممبئی یونیورسٹی سے گریجویشن اور فیوچرسٹک میڈیا کمیونیکیشن سینٹر (FMCC) سے میڈیا کی تعلیم مکمل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2007 میں کیا اور نیوز 24، آج تک، زی نیوز، اور لائیو انڈیا ٹی وی جیسے میڈیا ہاؤسز کے ساتھ کام کیا۔ وہ اپنے مقبول شوز، تال ٹھوک کے اور ماسٹر اسٹروک کے لیے مشہور ہیں۔