روس ایران کے دفاع میں آگیا، امریکہ کو واضح پیغام

   

ماسکو: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ایران کو جوہری معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں بمباری کرنے کی دھمکی پر روس تہران کے دفاع میں سامنے آگیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق روس نے امریکہ کو خبردار کر دیا کہ اگر ایران کے جوہری ڈھانچے پر حملے کیے گئے تو یہ اس کے تباہ کن نتائج ہوں گے ۔روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے روسی جریدے ‘انٹرنیشنل افیئرز’ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ حقیقت میں دھمکیاں سنی جا رہی ہیں اور الٹی میٹم بھی سنے جا رہے ہیں، ہم اسے نامناسب سمجھتے ہیں اور مذمت بھی کرتے ہیں، روس اسے امریکا کیلیے ایران پر اپنی مرضی مسلط کرنے کا ایک طریقہ سمجھتا ہے ۔سرگئی ریابکوف نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ تبصرے نے ایران کے حوالے سے صورتحال کو پیچیدہ کرنے کا کام کیا، اس کے نتائج اور خاص طور پر اگر حملے جوہری انفراسٹرکچر پر ہوتے ہیں تو پورے خطے کیلئے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔