ریاست میں دوبارہ کانگریس حکومت قائم ہوگی اور سدی پیٹ میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا: چیف منسٹر ریونت ریڈی

   

سدی پیٹ میں 550 کروڑ کے ترقیاتی کام اور میڈیکل کالج کو مدن موہن سے موسوم کرنے کا اعلان
حیدرآباد، 19 نومبر ]سیاست نیوز[چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یقین ظاہر کیا ہے کہ کانگریس کا جھنڈا نہ صرف تلنگانہ میں بلکہ 2029 میں سدی پیٹ کی سرزمین پر بھی لہرائے گا۔ چیف منسٹر آج سدی پیٹ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگِ بنیاد رکھنے اور افتتاح کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء کے علاوہ کانگریس کے سینئر قائدین موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کروڑوں روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں اور سدی پیٹ ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کے لیے 550 کروڑ روپے دیے جا رہے ہیں، جبکہ سدی پیٹ میڈیکل کالج کو کانگریس کے سینئر قائد مدن موہن کے نام سے موسوم کرنے کا بھی انہوں نے اعلان کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ اسی کانگریس قائد کو ٹکٹ دیں گے جسے سدی پیٹ اسمبلی حلقہ کے عوام پسند کریں گے اور انہیں کامیاب بنانے کی ذمہ داری عوام پر عائد ہوگی، جبکہ کامیاب ہونے والے کانگریس کے قائد کو کابینہ میں ضرور شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے انہیں چیف منسٹر بنایا ہے ، وہ عوام اور تلنگانہ کی سرزمین کے ساتھ ناانصافی کیوں کریں گے ، اور ایک بار تلگو دیشم سے رشتہ توڑنے کے بعد ان کا اس پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر، ہریش راؤ اور کے ٹی آر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2004 میں وارڈ ممبر تک نہ جیتنے والے ہریش راؤ کو وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی بھیک سے وزیر بننے کا موقع ملا تھا، جس کے بعد ہریش راؤ نے سدی پیٹ سے کانگریس کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ چیف منسٹر نے الزام لگایا کہ کے سی آر، ہریش راؤ، کے ٹی آر اور ان کے رشتہ داروں نے ہزاروں کروڑ روپے کمائے ، جبکہ تحریک کے دوران کئی خاندان قرض میں ڈوب گئے اور شری کانت چاری نے ایل بی نگر چوراہے پر جان قربان کی، مگر کے سی آر نے دس سال کے دوران ان کی ماں کو کوئی عہدہ نہیں دیا، بلکہ اپنے خاندان اور رشتہ داروں کو عہدے دیے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور میں عوام سے 20 لاکھ کروڑ روپے ٹیکس اور پراجیکٹس کے نام پر 8 لاکھ کروڑ روپے قرض لیا گیا، جبکہ 2018 میں پراجیکٹس میں بڑے پیمانے پر استحصال کے باعث ہریش راؤ کو دوسری مرتبہ وزارتی عہدہ نہیں دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کے سی آر اور ہریش راؤ نے کرشنا کے پانی میں 299 ٹی ایم سی کے معاہدے پر دستخط کیے اور اس وقت کے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن کو پرگتی بھون بلا کر رائلسیما پراجیکٹ بنانے کو کہا، جس میں کمیشن کی امید کے تحت تعاون کیا گیا۔ چیف منسٹر نے سوال کیا کہ کیا کے سی آر نے روجا کے گھر جا کر جھینگوں کا سوپ نہیں پیا تھا اور اسے رائلسیما رتنا سیما بنانے کو نہیں کہا تھا، جبکہ ہریش راؤ کی قیادت میں بنایا گیا کالیشورم پراجیکٹ صرف تین سال میں منہدم ہو گیا۔-2