شکایت کنندہ کو نوٹس جاری کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ تحریک کے دوران ریل روکو احتجاج کے موقع پر درج کردہ مقدمات کو کالعدم قرار دینے کے لئے بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ ہائیکورٹ میں آج درخواست کی سماعت ہوئی۔ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران 15 اکٹوبر 2011 ء کو سکندرآباد میں ریل روکو احتجاج منظم کیا گیا تھا۔ احتجاج کے سلسلہ میں پولیس نے مقدمات درج کئے اور بعض قائدین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ یہ مقدمات عوامی نمائندوں کی خصوصی عدالت میں زیردوران ہے۔ کے سی آر کی اپیل پر ریل ریل روکو احتجاج منظم کیا گیا تھا۔ اِس بارے میں پبلک پراسکیوٹر نے عدالت کو واقف کرایا۔ کے سی آر کے وکیل نے کہاکہ کے سی آر نے احتجاج میں شرکت نہیں کی۔ فریقین کی سماعت کے بعد ہائیکورٹ نے احتجاج کے سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرنے والے شخص کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔ سماعت کو آئندہ کے لئے ملتوی کیا گیا۔ واضح رہے کہ سابق میں ہائیکورٹ نے 25 جون 2024 ء کو ریلوے احتجاج کے مقدمات پر حکم التواء جاری کیا تھا۔ کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کی قیادت کی تھی لہذا احتجاج کی اپیل کرنے پر اُن کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔1