سابقہ رکن اسمبلی کے افراد خاندان کو دھمکی ، پچاس لاکھ کا مطالبہ کرنے والے دو فرضی ماویسٹ گرفتار

   

13 بم ، دھمکی آمیز خط اور موبائل فونس ضبط ، جیڈی میٹلہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سابقہ رکن اسمبلی کے افراد خاندان کو ماویسٹوں کے نام پر دھمکی دینے اور 50 لاکھ روپئے کا مطالبہ کرنے والے دو فرضی نکسلائٹ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ سابقہ رکن اسمبلی کوناسر سیلم گوڑ کے بھتیجہ کونا راگھویندر گوڑ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی ۔ جیڈی میٹلہ علاقہ میں سنسنی کا موجب بنے اس معاملہ میں پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جیڈی میٹلہ پولیس نے 33 سالہ ایرم شٹی راجو ساکن شاہ پور نگر اور 24 سالہ کے راجو متوطن گناورم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 13 دیسی ساختہ بم ، ایک دھمکی آمیز خط اور 4 موبائل فونس کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 22 مئی کو پولیس نے راگھویندر گوڑ کی ایک شکایت حاصل ہوئی نامعلوم افراد نے ان کے گھر پر توڑ پھوڑ مچادی ۔ اور گھر کے آنگن میں موجود تلسی کے پودے کو نقصان پہونچاتے ہوئے کار پر لال رنگ کا کپڑا ڈال دیا اور سرخ تحریر میں دھمکی آمیز خط چھوڑ گیا جس پر دھمکی دی گئی تھی اور دھمکی آمیز تحریر میں 50 لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔ بصورت دیگر سابقہ رکن اسمبلی کے بھتیجہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ۔ پولیس نے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور تحقیقات کے بعد ان دونوں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ نکسلائٹ کی آڑ میں نقلی نکسلائٹ کی سرگرمیوں کا پردہ فاش کیا گیا اور دیسی بم برآمد کرلیے گئے ۔ پولیس اس معاملہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔۔ ع