سابق وزیراعظم نرسمہا راؤ کو حکومت اور ٹی آر ایس کا خراج

,

   

ریاستی وزراء و قائدین کی شرکت، گاندھی بھون میں تقریب
حیدرآباد: سابق وزیراعظم پی وی نرسمہا راؤ کو 16 ویں برسی کے موقع پر حکومت ، ٹی آر ایس اور کانگریس کی جانب سے خراج پیش کیا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے بیان میں کہا کہ نرسمہا راؤ ملک کی تاریخ میں ایک عظیم مصلح کی حیثیت یاد رکھے جائیں گے۔ ہندوستان آج نرسمہا راؤ کی جانب سے شروع کردہ اصلاحات سے فیض یاب ہورہا ہے ۔ تعلیم ، معیشت ، اراضی ، نظم و نسق اور دیگر شعبوں میں نرسمہا راؤ نے اصلاحات کا آغاز کیا تھا ۔ داخلی سلامتی ، خارجی امور اور سفارتی محاذ پر پی وی نرسمہا راؤ کی جانب سے اختیار کئے گئے رویہ کی ستائش کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ ملک کے اتحاد ، سالمیت اور خود مختاری کو تقویت ملی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت پی وی نرسمہا راؤ کی غیر معمولی انتظامی صلاحیت کو خراج پیش کرنے کیلئے ایک سالہ طویل صدی تقاریب منعقد کر رہی ہے۔ نکلس روڈ پر پی وی گھاٹ پر تقریب منعقد ہوئی جس میں اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی، صدرنشین قانون ساز کونسل سکھیندر ریڈی، پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس کے فلور لیڈر ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، ریاستی وزراء محمد محمود علی، دیاکر راؤ ، سرینواس ریڈی ، رکن قانون ساز کونسل کویتا اور دیگر قائدین نے نرسمہا راؤ کی سمادھی اور تصویر پر پھول نچھاورکئے ۔ اس موقع پر نرسمہا راؤ کی ملک کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا اور دیگر قائدین نے بھی خراج پیش کیا ۔ اس موقع پر نرسمہا راؤ کے ارکان خاندان موجود تھے ۔ کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں نرسمہا راؤ کو خراج پیش کرنے کیلئے تقریب منعقد کی گئی ۔