سات کروڑ کسانوں کو مل چکی ہے ’مان دھن‘ کی رقم

   

نئی دہلی۔ 19 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج پارلیمنٹ کو بتایا کہ ’پردھان منتری کسان مان دھن یوجنا‘ کے تحت اب تک سات کروڑ کسانوں کو مان دھن کی رقم ادا کی جا چکی ہے ۔ اس کے علاوہ کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر گزشتہ پانچ سال میں 91.49 ملین ٹن فصل کی خریداری ہوئی ہے جبکہ 2009-2014 کے دوران صرف نو لاکھ ٹن کی خریداری ہوئی تھی۔زراعت اور کسان بہبود کے وزیر پرشوتم روپالہ نے یہاں لوک سبھا میں وقفہ سوالات میں سوالوں کے جواب میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کی آمدنی بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کے طورپر 50 فیصد منافع لگا کر ایم ایس پی دینے کی پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا تھا،جس سے کسانوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سال 2009 ء سے 2014 ء کے درمیان ایم ایس پی پر تقریبا نو لاکھ ٹن کی خریداری ہوئی تھی جبکہ 2014 ء سے اب تک 91.49 لاکھ ٹن کی خریداری ہوئی ہے ۔تلنگانہ راشٹر سمیتی(ٹی آر ایس) کے جی رنجیت ریڈی کے ایک سوال کے جواب میں پرشوتم روپالہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پہلی بار ملک کے کسانوں کو نقد مان دھن دینے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت ہر کسان کو سالانہ 6000 روپے تین قسطوں میں ان کے اکاؤنٹس میں براہ راست منتقل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک سات کروڑ کسانوں کو مان دھن کی رقم منتقل کی گئی ہے ۔