سالارجنگ میوزیم میں خصوصی فوٹو نمائش کا نواب میر احترام علی خان کے ہاتھوں افتتاح

   

حیدرآباد۔20جولائی(پریس نوٹ) سالارجنگ میوزیم میں عاشور خانوں پر مبنی خصوصی فوٹو نمائش کا آج انعقاد عمل میں آیا جس کا باوقار افتتاح نواب میر احترام علی خان نے کیا۔ اس موقع پر نواب میر قاسم علی خان، بی جے پی تلنگانہ کے سابق ترجمان میر فراست علی باقری، کیوریٹرز جی این کشم اور آر بی نائیک بھی موجود تھے۔یہ نمائش حیدرآباد کے تاریخی عاشور خانوں کی مذہبی و فنکارانہ وراثت کو تصویری انداز میں پیش کرتی ہے جن کی پیچیدہ فن تعمیر اور روحانی ماحول شہر کے ہم آہنگ تمدن اور جمالیاتی روایت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔نواب میر احترم علی خان نے کہا کہ یہ فوٹو نمائش نواسہ رسول حضرت محمد مصطفی ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات سے منسوب ہے۔ امام حسین علیہ السلام عدم تشدد، سچائی اور ہمدردی کی علامت ہیں جن کا پیغام آج بھی انسانیت کے لیے باعث ہدایت اور اتحاد کا ذریعہ ہے۔میر فراست علی باقری نے کہا کہ یہ فوٹو نمائش 19 تا 24 جولائی تک ویسٹ بلاک میوزیم میں جاری رہے گی۔ نمائش میں داخلہ عام افراد کے لئے کھلا ہے۔