13 ممالک کے خطاط اور فنکاروں کی شرکت۔ ایم رضا جئے پوری اور کنیز بھٹی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/20 فبروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں چار روزہ بین الاقوامی خطاطی اور آرٹ نمائش کا 22 فبروری سے 25 فبروری تک سالار جنگ میوزیم میں انعقاد عمل میں آئے گیا۔ یہ اعلان بانی کوشش فاؤنڈیشن جئے پور انٹر نیشنل آرٹ اینڈ کیلی گرافی فیسٹیول جناب ایم رضا جئے پوری اور جنرل سکریٹری محترمہ کنیز بھٹی نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس انٹرنیشنل آرٹ اینڈ کیلی گرافی نمائش میں عمان، بحرین، سعودی عرب، دبئی، قطر، ترکی، نیپال، بنگلہ دیش، بلغاریہ، یو اے ای، سری لنکا اور ملیشیا کے شہرہ آفاق خطاط و فنکار اپنے شاہکار فن کے نمونوں کی نمائش کریں گے۔ ہندوستان کے مختلف شہروں سے بھی فنکاروں نے شرکت کی توثیق کی ہے جبکہ مقامی خطاط و فنکاروں کو بھی اپنے فن کے مظاہرے کا موقع دیا گیا ہے۔ جناب رضا جئے پوری نے بتایا کہ 22 فبروری کو شام 4 بجے افتتاحی تقریب منعقد ہوگی اور شام میں محفل غزل کا اہتمام کیا جائے گا۔ اختتامی تقریب 25 فبروری کو 2 بجے منعقد ہوگی۔ چار روزہ نمائش کا حیدرآبادی ممتاز شخصیات و فنکار، خطاط ، دانشور حضرات معائنہ کریں گے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ طلباء و طالبات کو اس نمائش سے سیکھنے، اپنی تہذیب کو سمجھنے اور تاریخی و ثقافتی پس منظر سے واقف ہونے کا موقع فراہم کریں۔ محترمہ کنیز بھٹی نے کہا کہ حیدرآباد تہذیبی روایات و اقدار کا شہر ہے، یہاں کے باذوق عوام سے اُمید کی جارہی ہے کہ وہ اس بین الاقوامی نمائش کو کامیاب بنائیں گے۔ مقامی فنکار جناب رضا جئے پوری سے فون نمبر9166667086 پر ربط پیدا کریں۔