رائے پور: چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور کے چندرکھوری پولیس ٹریننگ سینٹر میں جمعہ کو سب انسپکٹر کی ٹریننگ کے دوران ایک امیدوار کی موت ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق دوڑتے وقت راجیش کوسریا کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، لیکن اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کی موت ہوگئی۔ راجیش کوسریا کی تربیت صرف ایک ہفتہ قبل شروع ہوئی تھی۔ سات سال کے طویل انتظار کے بعد انہیں سب انسپکٹر بھرتی کے لیے منتخب کیا گیا۔ آج صبح جب امیدواروں کو بھاگنے کو کہا گیا تو کچھ دور بھاگنے کے بعد راجیش کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ اس واقعے کے بعد متوفی کے اہل خانہ نے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس اندوہناک واقعہ کی اصل وجوہات کا پتہ لگایا جائے ۔