روم : اٹلی میں لاٹری میں حصہ لینے اور مل کر شرطیں لگانے والے ایک گروپ نے یورپی تاریخ کا سب سے بڑا جیک پاٹ جیت لیا ہے۔ اس گروپ کے ارکان کی تعداد نوے ہے اور انہوں نے مشترکہ طور پر تین سو اکہتر ملین یورو کا ریکارڈ جیک پاٹ جیتا۔ اس اطالوی لاٹری کے لیے نمبر جمعرات کی شام نکالے گئے۔ ‘سْوپیرینا لاٹو‘ کہلانے والی یہ لاٹری یورپی تاریخ کا سب سے بڑا جیک پاٹ ثابت ہوئی۔ کسی بھی لاٹری میں جیک پاٹ اس مجموعی رقم کو کہتے ہیں جو کسی ڈرا کے نتیجے میں کسی بھی شرکت کنندہ کے فاتح نہ بننے کی صورت میں ہر بار بڑھتی ہی جاتی ہے، یہاں تک کہ بالآخر کوئی نہ کوئی یہ لاٹری جیت جاتا ہے۔ اطالوی دارالحکومت روم سے جمعہ کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ Superenalotto ایک ایسے نجی سنڈیکیٹ نے جیتی، جس کے ارکان کی تعداد 90 ہے۔ اس گروپ کے ارکان نے مختلف اعداد کی پیش گوئی کرتے ہوئے کئی انٹریز جمع کرائی تھیں۔