جلسہ میں کمسن طلبہ کا متاثر کن مظاہرہ، منظور غوری، عامر اللہ خان، انیس الدین کا خطاب
حیدرآباد 11 فروری (راست) چیالنجر انٹرنیشنل اسکول معین آباد کے طلباء و طالبات نے اس عزم کا اظہار کیاکہ ہندوستان کے چاند پر قدم رکھنے کے بعد اب ستاروں کی تسخیر ان کا نصب العین ہے۔ 10 فروری کو چیالنجر انٹرنیشنل اسکول کے بارہویں سالانہ جلسہ میں اسکول کے معصوم طلباء و طالبات نے ہندوستان کے چاند پر قدم کے عنوان سے ایک مسحور کن نغمہ اور اسکرین پر گرافکس کے ذریعہ ہندوستان کی خلائی سائنس میں مثالی کامیابی کو پیش کیا۔ ’’اسرو‘‘ کی تاریخ اور چندرائن ۔ 3 کی چاند پر لینڈنگ تک کے مراحل کو اس خوبی سے پیش کیاکہ سامعین اور ناظرین نے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ سالانہ جلسہ میں جناب منظور غوری چیرمین سہائتہ ٹرسٹ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ جناب عامر اللہ خان ماہر اقتصادیات، جناب سید انیس الدین سی ای او سہائتہ ٹرسٹ، جناب محمد ولی، جناب شاہد غوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پرنسپال محترمہ شگفتہ پروین نے نگرانی کی۔ جناب عامر اللہ خان نے اپنی تقریر میں چیالنجر اسکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی کہ معین آباد جیسے علاقوں میں انھوں نے بین الاقوامی معیار کا اسکول قائم کیا جس کا ڈسپلن مثالی ہے۔ انھوں نے طلبہ کو ویراٹ کوہلی، نیرج چوپڑا اولمپین گولڈ میڈلسٹ اور بھارت رتن سوامی ناتھن کی مثال دی جنھوں نے صبح کی اوّلین ساعتوں میں بیداری، سخت محنت اور سادگی سے قابل رشک مقام حاصل کیا۔ جناب سید انیس الدین نے بتایا کہ چیالنجر انٹرنیشنل اسکول این جی او سہائتہ ٹرسٹ کے تحت قائم ہے۔ اب کے جی سے ڈگری، بی کام کمپیوٹرس، بی اے اور بی بی اے تک تعلیم کا انتظام ہے۔ مستقبل میں پوسٹ گریجویٹ کورسیس کا آغاز ہوگا۔ محترمہ شگفتہ پروین پرنسپال نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایس ایس سی کے نتائج صد فیصد رہے ہیں۔ تمام طلبہ نے امتیازی کامیابی حاصل کی۔ آئی ایم آر سی اور سہائتہ ٹرسٹ کی جانب سے اسکول کیمپس میں فری میڈیکل کیمپس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ چیالنجر کے طلباء اور طالبات نے NEET، ایمسیٹ، اور لاسیٹ میں بھی امتیازی کامیابی حاصل کرکے متعلقہ کورسیس میں داخلہ لیا ہے۔ سالانہ جلسہ میں نرسری سے میٹرک تک کے طلباء و طالبات نے ثقافتی پروگرامس پیش کئے۔