سری نگر: جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے مرکزی و یونین ٹریٹری حکومتوں سے میر واعظ عمر فاروق کی خانہ نظر بندی سے رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف میرواعظ کی مسلسل نظر بندی ان تمام لوگوں کے خلاف جرم ہے جنہیں وہ مذہبی سطح پر متاثر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے میر واعظ کے ساتھ سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کو مذیبی سربراہ کی حیثیت سے متاثر کر رہے ہیں۔موصوف چیئرمین نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ میری وزیر داخلہ امیت شاہ صاحب اور جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صاحب سے مود بانہ اپیل ہے کہ بمہربانی ان (میر واعظ) کی رہائی کو جلد از جلد یقینی بنائیں وہ خود تشدد کے شکار ہوئے ہیں یہ بات صاف ہوجائے کہ کشمیر میں کئی جنگیں ہیں اور ہمارے اصلی جنگ میں وہ اعتدال پسند ہیں۔ سجاد لون کا کہنا تھا کہ میر واعظ گذشتہ چار برسوں سے مسلسل نظر بند ہیں لیکن ہم میں سے کوئی ان کے متعلق بات نہیں کرتا ہے ۔