سردار محل کی تزئین نو اور آہک پاشی کا دوبارہ آغاز

   

عظمت رفتہ بحال کرنے اقدامات ، تہذیبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے بھی جگہ فراہم کرنے پر غور
حیدرآباد۔23جولائی (سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں موجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے سابقہ زونل دفتر ’’سردار محل‘‘کی تزئین نو اور آہک پاشی کے کاموں کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔ پیشرو حکومت تلنگانہ نے سردار محل کی آہک پاشی اور تزئین نو کے اقدامات کے ذریعہ اس ’محل‘ کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا تھا اور سردار محل میں سیاحوں کے لئے آرٹ میوزیم و اسٹوڈیو کے علاوہ کیفے قائم کرتے ہوئے اسے سیاحوں کی دلچسپی کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کئے گئے تھے اور اس کام کو بھی قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حوالہ کرنے کے اقدامات کئے گئے تھے اور سردار محل کی تزئین نو اور عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے 30 کروڑ کی منظوری عمل میں لائی گئی تھی لیکن سال گذشتہ فنڈس کی عدم موجودگی اور قلت کے علاوہ عملہ نہ ہونے کی بنیاد پر سردار محل کی آہک پاشی و مرمت کے کاموں کو روک دیا گیا تھا ۔ آصف جاہ ششم نواب میر محبوب علی پاشاہ کے دور میں سال 1900 میں بنائی گئی اس تاریخی عمارت کو مخدوش حالت میں پہنچنے کے بعد اس کی مرمت کے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے اسے سیاحوں کی دلچسپی کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ سردار محل جو یوروپی طرز کی تعمیر کا شاہکار ہے اور اس فن تعمیر کو شہر میں مختلف مقامات پر استعمال کیاجاچکا ہے ۔ چارمینار کے قریب موجود اس عمارت کی آہک پاشی اور مرمت کے کاموں کی تکمیل کے بعد سردار محل میں آرٹ میوزیم جہاں شہر حیدرآباد کی تاریخ سے متعلق تصاویر کی نمائش کے علاوہ دیگر سرگرمیوں کی گنجائش فراہم کی جائے گی علاوہ ازیں سردار محل میں تہذیبی و ثقافتی سرگرمیوں کیلئے بھی جگہ کی فراہمی عمل میں لائے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ فنڈس اور عملہ کی قلت کے سبب زائد از 1 برس سردار محل کے مرمتی کاموں کو بند رکھنے کے بعد اب دوبارہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی نگرانی میں کاموں کا آغاز کیا جاچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ سال ماہ مارچ کے دوران سردار محل کے مرمتی کاموں کو مکمل کرتے ہوئے اس کی عظمت رفتہ کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مذکورہ پراجکٹ پر کام کرنے والے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر اس پراجکٹ پر مسلسل کاموں کا سلسلہ جاری رہتا تو ایسی صورت میں چارمینار کے قریب سیاحوں کیلئے ایک اور تفریحی مرکز موجود ہوتا لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر پراجکٹ کی تکمیل میں تاخیر ہوئی ہے اور توقع ہے کہ مارچ 2026 میں اس پراجکٹ کو مکمل کرتے ہوئے سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔3