سرکاری ملازمین کے خلاف بیان دینے کی ہریش راؤ نے تردید کی

   

حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر فینانس ہریش راؤ نے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلہ میں ان سے منسوب بیان کی تردید کی ہے۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہریش راؤ نے لکھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے بارے میں انہوں نے کوئی بیان نہیں دیا لیکن بعض گوشوں کی جانب سے ان کا نام جوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مخالف مہم کی مذمت کرتے ہیں۔ میری تقریر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرتے ہوئے بعض گوشے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس مہم کا مقصد سرکاری ملازمین کو بی آر ایس کے خلاف کرنا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انہوں نے کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ سرکاری کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہ ادا کرنے سے متعلق وعدہ کی تکمیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران بھی انہوں نے ملازمین کے حق میں آواز اٹھائی تھی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ ہمیشہ ملازمین کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ ملازمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سرکاری ملازمین کو 4 ڈی اے کی اجرائی باقی ہے۔ اس کے علاوہ پنشنرس کیلئے ہیلت اسکیم پر عمل کیا جائے۔ پی آر سی کی تشکیل جدید کیلئے تنخواہوں پر نظرثانی کی جائے۔1